پانامہ لیکس پر حکومت، اپوزیشن بات چیت فوری ہونی چاہئے: خواجہ آصف

اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملکر بیٹھیں اور پانامہ پیپرز کے مسئلے کا باہمی حل تلاش کریں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ حکومت اور حزب اختلاف کو پانامہ پیپرز کے ٹی او آرز پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے حزب اختلاف کے ضابطہ کار کو ایک شخص کیلئے مخصوص قرار دیا جس کا مقصد وزیراعظم کو ہدف بناناہے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ بعض سیاستدان ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کا آغاز فوری ہونا چاہئے تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جاسکے۔ اگر کوئی اپنی رائے ٹھونسنا چاہے اور جمہوری روایات کو کسی بھی صورت ماننے کو تیار ہی نہ ہو تو یہ بھی ایک متشدد سیاسی سوچ ہے جس کا مظاہرہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مسلسل تین سال سے کرتے آرہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جون 2018ءتک بجلی کی پیداوار 31 ہزار 19 میگاواٹ تک پہنچ جائیگی۔ مسلم لیگ (ن) کا 2018ءکا ایجنڈا منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے موت ہوگا۔
خواجہ آصف

ای پیپر دی نیشن