کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میرچنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ چمن میں افغان جارحیت وفاقی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا سبب ہے۔ افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی نوجوان سمیت عام بے گناہ شہریوں کی شہادت افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے بلوچستان کا سنیئر صوبائی نائب صدر بنائے جانے پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر نہ صرف پورا اتریں گے بلکہ پارٹی کو صوبے میں مزید فعال منظم اور متحرک بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی سے قیادت کو سرپرائز رزلسٹ دیکر صوبے میں پارٹی کا کھویا ہوا مقام بحال کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت کئی بحرانوں کا شکار ہے۔نواز شریف کی پالیسیاں ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن گئی ہیں۔ ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوکر رہ گئی ہیں۔ایل او سی پر بھارت‘ افغان پاک سرحد پر افغانستان جارحیت کررہا ہے جبکہ ایران بارڈر پر بھی کشیدگی عروج پر ہے۔ وفاقی حکومت نے قومی سلامتی کو داﺅ پر لگادیا ہے۔ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی جانب سے افغان حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کے مشورے کو قوم کی آواز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ قیام امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں بھلائی نہیں جا سکتیں۔ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی آنے والا کل پیپلز پارٹی کا ہے نواز حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان کے خلاف الٹی گنتی شروع
ہوچکی ہے نواز شریف پانامہ اورڈان لیکس سے کبھی نہیں بچ سکیں گے۔