کراچی( کرائم رپورٹر) محمود آباد کے علاقے علامہ اقبال کالونی میںموٹر گیراج میں کھڑی کار سے ملنے والی خاتون اور مرد کی لاشوں کی شناخت ہوگئی۔ اتفاقی حادثہ یا قتل پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ۔ کار سے ملنے والے مرد کے لاش راشد نامی شخص کی تھی جو پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 کا رہنے والا تھا اور اس نے موٹر گیراج چندماہ قبل امجد علی نامی شخص سے کرائے پر لیا تھا جب کہ خاتون عیدالنساء ڈیفنس کی رہنے والی اور تین بچوں کی ماں تھی۔ عیدالنساء جمعہ کے روز سے غائب تھی اور اس کے شوہر نے فرئیر تھانے میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔ پولیس کے مطابق جس وقت گیراج میںکھڑی کار سے لاشیں ملیں تو کار کا ایئر کنڈیشن چل ر ہا تھا اور دھواں بھرا ہوا تھا جس سے ابتدائی طورپر اندازہ کیا گیا کہ راشد ولد شیر محمد اور عیدالنساء کی موت اے سی کے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی تاہم راشد کے پوسٹ مارٹم کے دوران یہ پتہ چلنے پر کہ اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے معاملے کو پیچیدہ بنادیا ہے اور واقعے کا رخ قتل کی طرف جاتا دکھائی دے رہا ہے جس کے بعد راشد اور عیدالنساء کے درمیان تعلق اور قتل کے امکانات کے حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
لاشیں / شناخت