ابوجا(آن لائن)نائجیریا میں اسلامی شدت پسند گروہ بوکو حرام نے تین سال قبل اغوا کی گئی 276 طالبات میں سے 82 کو رہا کر دیا ہے۔ حکا م کے مطابق طالبات کی رہائی حکومت اور بوکو حرام کے درمیان مذاکرات کے بعد ممکن ہوئی ہے۔نائیجیریا کے صدر محمدو بوہاری کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ابوجا میں ان طالبات کا استقبال کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ان طالبات کی رہائی کے سلسلے میں کیے جانے والے آپریشن میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز، فوج، سوئٹزر لینڈ کی حکومت، ریڈکراس، مقامی اور بین الااقوامی این جی اوز کے شکر گذار ہیں۔ ادھر 82 طالبات اب نائیجیریا کی فوج کی تحویل میں ہیں اور انھیں کیمرون کی سرحد کے پاس ایک دور دراز علاقے سے بانکی کے فوجی اڈے پر لایا گیا ہے۔