راولپنڈی ،کراچی(سپورٹس ڈےسک ) کراچی کے میئر وسیم اختر کی جانب سے شاہد آفریدی کو کراچی میں زمین دینے کے اعلان کے بعد حکومت سندھ اور وفاقی حکومت نے بھی جاگتے ہوئے اکیڈمی کیلئے زمین کی پیشکش کر دی ہے۔گزشتہ روز کراچی میں شاہد آفریدی نے ایک تقریب کے دوران شکوہ کیا تھا کہ وہ کرکٹ اکیڈمی کے لیے حکومت سے کئی برسوں سے جگہ مانگ رہے ہیں جس کا انہیں مثبت جواب موصول نہیں ہورہا،عالمی شہرت یافتہ آل راو¿نڈر کے اس بیان کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے پیشکشوں کی لائن لگ گئی۔سب سے پہلے میئرکراچی وسیم اختر نے شاہدآفریدی کو زمین کی فراہمی اور اکیڈمی کے قیام میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس کے بعد آج حکومت سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے بھی فون کر کے شاہد آفریدی کو زمین کی فراہمی کی پیشکش کردی۔وزیر کھیل نے شاہد آفریدی سے کہا کہ آپ سندھ کے جو بھی میدان ہیں دیکھ کر بتائیں، سندھ حکومت آپ کو کرکٹ اکیڈمی کے لیے زمین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ میں سندھ میں کرکٹ اکیڈمی کھول کر نوجوانوں کو آگے لانا چاہتا ہوں۔تاہم وزیر کھیل نے شاہد آفریدی کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت ایک کمیٹی بنارہی ہے جس کے بعد پورا منصوبہ تیار کیا جائے گا اور گراو¿نڈ کی تلاش کی جائے گی۔سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں سے زیادہ ٹئلنٹ صوبہ سندھ کے نوجوانوں میں ہے۔شہری اور صوبائی حکومتوں کے بعدپنجاب حکومت نے بھی پےچھے نہ رہتے ہوئے سابق کپتان کو زمین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔پنجاب اسپورٹس اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین حنیف عباسی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہدآفریدی ہمارے ہیرو ہیں اور وہ پنجاب میں جہاں اکیڈمی بناناچاہیں گے انہیں جگہ فراہم کی جائےگی۔یاد رہے کراچی میں تقریب کےدوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ وہ کرکٹ اکیڈمی کے لیے سندھ حکومت سے کئی برسوں سے جگہ مانگ رہے ہیں تاہم حکومت نے یہ جواب دیا کہ اس سلسلے میں وہ کوئی مدد نہیں کرسکتے۔شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں اہم اعلان کرنے والے ہیں اور اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ ممکنہ طور پر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔