خورشید شاہ زبردست سیاستدان، سندھ میں کوئی سیاسی محاذ آرائی نہیں: گورنر محمد زبیر

May 08, 2017

سکھر (آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے سندھ میں کوئی سیاسی محاذ آرائی نہیں خورشید شاہ قائد حزب اختلاف اور زبردست سیاستدان ہیں۔ انکی مرضی ہے جو وہ بولتے ہیں، وہ انکی پا رٹی کیلئے موزوں ہے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر آئی بی اے میں طلباء وطالبات میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا سندھ کو صحت ، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کی مد میں وفاق ڈبل رقم دے رہا ہے۔ 2013ء میں سندھ کو 1900 بلین روپے ملاکرتے تھے مگر اب انکو 3600 بلین روپے مل رہے ہیں جس کو کوئی جھٹلانہیں سکتا، جب صوبائی حکومت لوگوں کو سہولیات فراہم نہ کرسکے تو پھر وفاق کو ذمہ داریاں ادا کرنا پڑتی ہیں اور وزیراعظم سندھ میں آکر جو منصوبوں کا اعلان کر رہے ہیں اور پیکیجز دے رہے ہیں وہ بھی وفاق کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے ہر بار تاخیر کا سوال سندھ حکومت سے پوچھا جا ئے، میں وفاق کا نمائندہ ہوں ہم تو کہتے ہیں رینجرز نے ساڑھے تین سال کے عرصے میں زبردست کام کیا ہے اور اسکے اس زبردست کام کی وجہ سے حالات اتنے اچھے ہیں اور نواز شریف کا کراچی میں قیام امن کا خواب بھی پورا ہوا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں سندھ میں رینجرز کا رہنا ضروری ہے کیونکہ ابھی حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور یہ میری نہیں کراچی کے عوام اور تاجروں کی آواز ہے اور جب حالات بہتر ہوجا ئیں گے تو پھر سندھ میں رینجرز کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے سندھ کے دورے کوئی الوداعی نہیں ابھی تو سال باقی ہے۔ وفاق سندھ اور پنجاب کے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو ختم کرنے کیلئے کوششیں کرے گا۔ جلد وزیر اعظم کو سکھر بھی لائیں گے اور یہاں کیلئے بھی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں عوام کی حمایت سے کامیابیاں ملی ہیں اور ہم نے دہشت گردوں کو بتادیا ہے تم ایک مارو گے ہم سو ماریں گے۔

مزیدخبریں