راولاکوٹ (اے این این) آزاد جموں وکشمیر سردارمحمد مسعود خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کی اخلاقی ،سیاسی وسفارتی سطح پر بھرپور حمایت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہندوستانی جبرواستبداد کا شکار کشمیری آزادی کا سورج دیکھ سکیں ،ہمیں کسی بھی عالمی طاقت کے جھانسے میں نہیں آنا اورنہ ہی ہندوستان سے مرعوب ہونا ہے ،اپنے بھائیوں کی ہرممکن مدد کرنی ہے اگر ہم اپنی جدوجہد آزادی ،ہمت واستقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے تو ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیں ذرائع ابلا غ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ عالمی سطح پر رائے عامہ کشمیریوں کیلئے ہموارہوسکے ہمیں اقوام عالم میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے تعلیمی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ہمیں اپنے بچوں کو کمٹمنٹ کیساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مہارت و اخلاقی تربیت دینے کی ضرورت ہے ،جب قوموںمیں اخلاقی ترقی حاصل کرتی ہیں تو اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد اورنصرت ان کے ساتھ شامل ہوجاتی ہے اوربرکتیںنازل ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ ان خیالات کااظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے تعمیر نو پروگرام کے تحت تعمیر کئے گئے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سون ٹوپہ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،سردار محمدمسعود خان نے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں قوموں کی تقدیر بچوں کے ہاتھ میں ہے وہ اس طرح سے اپنی تیاری کریں تاکہ مستقبل میں ملک وملت کی تعمیر کرسکیں۔