لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر )سابق چیف سلیکٹر وسیم باری نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کا دورہ آسان ثابت نہیں ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انگلش کنڈیشنز بہت مشکل ثابت ہو نگی اور انہیںوکٹ پر بہت سنبھل کر کھیلنا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کا دورہ بہت مختصر ہے ‘دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز ہونے چاہئے تھے ۔ پی سی بی کو پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کو بھی شامل کرنا چاہئے تھا۔ ا نگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے صلاحیتوں کے اظہار کا اچھا موقع ہے ۔ وہ لارڈز کے تاریخی میدان پر سنچری سکور کر کے یا پانچ وکٹیں حاصل کرکے اپنا نام اونرز بورڈ پر درج کراسکتے ہیں ۔ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹنگ لائن کمزور ہو چکی ہے ۔ انہوں نے ٹیم سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں تین ٹیسٹ میچز کیلئے چار اوپنرز کو لے جانا سمجھ سے بالا تر ہے ۔ انہوں نے قومی فاسٹ باﺅلرز کو مشورہ دیا کہ وہ انگلش کنڈیشنز میں نتائج سے بالاتر ہو کر اپنی لائن اور لینتھ درست رکھیں اس سے انہیں وکٹیںمل سکتی ہیں ۔ لائن سے باہر گیندیں کرنے پر خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔