وقار یونس نے کہا تھا میں دیکھتا ہوں اب تمھیں کون کرکٹ کھلائے گا: عمر اکمل

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر ) پاکستانی بلے باز عمر اکمل فٹنس اور کارکردگی سمیت دیگر کئی مسائل کے باعث قومی ٹیم سے باہر ہیں اور اب تک کوچ مکی آرتھر سمیت کئی لوگوں پر مختلف قسم کے الزامات بھی عائد کر چکے ہیں۔ اب سابق کوچ وقار یونس پر بھی الزام عائد کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سوال پر بلے باز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”میں نے ٹیسٹ میچوں میں وکٹ کیپنگ کرنے سے منع کیا تھا لیکن اگر آپ ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ کی بات کریں تو میں نے تین سے چار سال تک وکٹ کیپنگ کی۔ ہمارے کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ ٹیسٹ میچوں میں بھی کیپنگ کرو تو میں نے کہا کہ میں نہیں کر سکتا کیونکہ ہماری اگلی سیریز دبئی میں تھی جہاں مصباح الحق تین سپنرز اور ایک فاسٹ باولر کھلاتے تھے۔میں نے کہا تھا کہ میری بیٹنگ پر برا اثر پڑے گا تو برائے مہربانی آپ مجھ سے وکٹ کیپنگ مت کروائیں جس پر انہوں نے کہا کہ ’میں دیکھتا ہوں کہ آگے تمہیں کرکٹ کون کھلائے گا۔ وقار بھائی ایسا نہ بولیں کیونکہ میں پاکستان کیلئے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ پاکستان کیساتھ مخلص ہوں اس لئے ٹیسٹ میچوں میں وکٹ کیپنگ سے منع کر رہا ہوں۔
[آپ مجھ سے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 میں وکٹ کیپنگ کروا رہے ہیں تو میں اپنی خوشی اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کر رہا ہوں اور رہی بات یہاں کی تو یہاں کے کوچ اور کپتان نے بھی کہا ہے کہ ٹیم کی ڈیمانڈ ہے اگر آپ وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر کھیلیں گے تو ہمارے پاس آپشنز زیادہ ہوں گی اور اس وجہ سے ہی وکٹ کیپنگ کی حامی بھری ہے۔

ای پیپر دی نیشن