سپر کبڈی لیگ المنیٹر میچز میں ساہیوال بلز اور کشمیر جانباز کی ٹیمیں کامیاب ہوئیں، چاروں کوارٹرفائنلز آج کھیلے جائیں گے

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر کبڈی لیگ میں لاہور تھنڈرز اور اسلام آباد آل سٹارز کا سفر تمام ہوگیا، المنیٹر میچز میں ساہیوال بلز اور کشمیر جانباز کی ٹیمیں کامیاب ہوئیں، چاروں کوارٹرفائنلز آج کھیلے جائیں گے، خواتین کے نمائشی میچ میں سٹرابری ایمبیشن نے ڈریمز کو 33کے مقابلے میں 31پوائنٹس سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر کبڈی لیگ میں پول اے سے کراچی زور آورز اورگوادر بہادرز نے 6،6، گجرات واریئرز نے 4پوائنٹس کیساتھ براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، 2میچ جیتنے والے ساہیوال بلز اور ایک بھی فتح نہ حاصل کرپانے والے لاہور تھنڈرز کا مقابلہ المنیٹر ون میں تھا، اس میچ میں ساہیوال بلز نے 45-37سے برتری ثابت کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پول بی میں پشاورحیدرز6،فیصل آباد شیردلزاور ملتان سکندرز4پوائنٹس کیساتھ براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے تھے،2میچز کے فاتح کشمیر جانباز چوتھے اور ایک میچ جیتنے والے اسلام آبادآل سٹارز پانچویں نمبر پر ہونے کی بناپر المنیٹر ٹو میں مقابل ہوئے،کشمیر جانباز36-31سے کامیابی کیساتھ سفر جاری رکھنے میں کامیاب ہوئے،اسلام آباد آل سٹارز کو گھر کا راستہ دیکھنا پڑا۔آج پہلے کوارٹر فائنل میں کراچی زور آور کا میچ کشمیر جانباز کیساتھ شام ساڑھے 4بجے ہوگا،گوادر بہادرز اور فیصل آباد شیردل کی ٹیمیں 6بجے مقابل ہونگی، پشاور حیدرز کو ساڑھے 7بجے ساہیوال بلز کا چیلنج درپیش ہوگا، ملتان سکندرز اور گجرات واریئرز رات 8:45پر برتری کی جنگ لڑینگے۔ قبل ازیں گزشتہ روز خواتین کے نمائشی کبڈی میچ میں سڑابری ایمبیشن نے ڈریمز کو 33کے مقابلے میں 31پوائنٹس سے مات دیدی، لیگ کا ناک آ¶ٹ مرحلہ شروع ہونے پر شائقین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن