گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر انتظام جنرل بس سٹینڈکے انتظامی دفتر پر مسلم لیگ ن کے درجنوں یونین کونسل چیئرمینوں نے اچانک دھاوا بول دیاا ور دفتر کا تالا توڑ کر قابض ہو گئے ، ملحقہ دفاتر ، کچن ، وغیرہ کو بھی کارپوریشن کے عملے نے سیل کر دیا،بعدازاں ڈی سی کے حکم پر پولیس نے مداخلت کی اور ایس ایچ او ماڈل ٹائون عنصر موہل نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر دفتر کو خالی کرا یا ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین فاروق بٹ ، عامر اکرام بٹ ، کلیم اللہ خان، عمر جاوید بٹ وغیرہ کی قیادت میں درجنوں لیگی چیئرمین جن میں رانا بابر مصطفی ،حاجی صدیق انصاری ، ملک متین اعوان ،عاطف مسعود بٹ ، شاہد ظفر بھنڈر ، حاجی اسلم فور مین ، لالہ ظہیر احمد، حاجی وقار احمد چیمہ،وغیرہ بھی شامل تھے نے لاری اڈہ کے انتظامی دفتر پر قابض ہو گئے ،قبضہ چھڑانے کے لئے ڈی سی کے حکم پر پولیس نے مداخلت کی اور چیئرمینوں سے گفت و شنید کے بعد دفتر خالی کرایا، بعد ازاں اے سی سہیل اختر بھی پہنچ گئے،جنہوں نے نمائندوں سے بات چیت کی اور انہیں پر امن رہنے کو کہا ، واقعہ کے بعدشیخ ثروت اکرام کی ڈی سی ڈاکٹر عمر جہانگیر سے ملاقات ہوئی جس میں طے ہوا کہ معاملہ کو دودن میں حل کیا جائے گا ، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر میئر کارپوریشن شیخ ثروت اکرام نے نوائے وقت کو بتایا کہ دوسرے شہروں کی طرح جنرل بس سٹینڈ کارپوریشن کی ملکیت ہے جو دور آمریت میں چھین لی گئی تھی ، اڈا فیس اور ٹیکس وصولی صرف کارپوریشن کا استحقاق ہے ، یہاں غیر قانونی طور پر بیٹھے شخص کو اٹھانے کے لئے متعددد بار خط لکھے گئے لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا ، نئے ڈی سی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ، امید ہے کہ معاملہ دوچار روز میں حل ہو جائے گا ، دوسری طرف چیئرمینوں نے کہا کہ لاری اڈا بھتہ خوری کامرکز بنا ہوا ہے ، 1500سے زائد گاڑیوں سے فی کس 1000تا 1500روپے ماہانہ اڈا وصول کیا جا تا ہے ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کرپٹ افسران منتھلیاں وصول کرتے ہیں ، شہر یوں کی ملکیتی پراپرٹی سے اکٹھا ہونے والا پیسہ کہاں کس کے اکائونٹ میں جا رہا ہے کچھ پتہ نہیں ، اس لئے مجبوراََ اس مافیا کو اٹھانے کے لئے چیئرمینوں کو خود آنا پڑا ۔