راولپنڈی(نیوزرپورٹر)آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایم اے ہارون شیخ کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ سے ملاقات کی اور انھیں موٹر سائیکلز کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کیا اور گور نر پنجاب کو مسائل کے علاوہ تجویز دی کہ پنجاب میں موٹر سائیکل اسمبلر اور موٹر سائیکل ڈیلرز کیلئے آرڈیننس جاری کیا جائے جس پر گورنر پنجاب نے چیئرمین ایم اے ہارون شیخ کو یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں بھی جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایم اے ہارون شیخ نے گورنر کو ایسوسی ایشن کی جانب سے گلدستہ پیش کیا ۔ ایسوسی ایشن کے وفد میں اسلام آباد سے دانیال خان، ملک عماد، الطاف احمد خان، ملک عمران اور ریحان صدیقی شامل تھے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں پائیددار ترقی کے لئے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنیادوں پراستوار کیاہے موجودہ حکومت سماجی انصاف اور قومی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدمات بروے کار لارہی ہے جس کا مقصد عام آدمی کے سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری لانا ہے۔