پودوں کے جینیاتی وسائل اور جین بنک آپریشن کے انتظام کے حوالے سے چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ آج سے شروع ہو گی

اسلام آباد (نا مہ نگار)پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور کامسٹیک سیکرٹریٹ کی جانب سے پودوں کے جینیاتی وسائل اور جین بنک آپریشن کے انتظام کے حوالے سے چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ آج سے شروع ہو گی، 8 سے 11 مئی تک منعقد ہونے والی اس ورکشاپ کا مقصد خاص طور پر مینجرز، ٹیکنیشنز اور جین بنک سے منسلکہ لوگوں کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ اس ورکشاپ کے توسط سے او آئی سی اسلامک ممبر ممالک سے 30 سے 35 شرکاء کو معلومات فراہم کرنا ہیں۔ اجلاس میں جن نمائندہ ممالک کے ممبران شرکت کرینگے۔ ان میں افغانستان، آزربائی جان، بنگلہ دیش، گیمبیا، روم ، عراق، ایران، کرگستان، ملائیشیا، موروکو، اومان، سینیگال ، سوڈان اور تاجکستان شامل ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی ماہرین جین بنک سے متعلق اہم اور مفید معلومات شرکاء تک پہنچائیں گے۔ اس اجلاس کے دو اہم مقاصد ہیں ایک تو یہ کہ پی جی آر ایف اے کے پلانٹ جینیاتی وسائل کو بڑھایا جائے اور دوسرایہ کہ اوآئی سی ممالک کو فصلات کے جین کے بارے میں نئی جدت سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے۔ اس سے جینیاتی وسائل کو بہتر انداز سے بروئے کار لا کر اور نئی ٹیکنالوجی کو اپنا کر فصلات کی پیداوارمیں اضافہ کیا جا سکے گا اور دنیا میں خوراک کی کمی پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن