راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینٹرل آرڈیننس ڈپو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈپو کے مختلف حصوں معائنہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی آلات اور جنگی سازو سامان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی بھی ہمراہ تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پرانے اور متروک آلات کو قابل استعمال بنا کر قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لئے سی او ڈی کے اقدامات اور بچت کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلب لائنز راولپنڈی میں آرمی پبلک سکول کا افتتاح کیا۔ آرمی پبلک سکول میں 12 سو طلباء کی گنجائش ہے۔ افتتاحی تقریب میں آرمی چیف کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے طلباء اور اساتذہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔