اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو 9 مئی کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کو ہریش کمپنی کیس میں بلایا گیا ہے۔ انہیں جے آئی کا نوٹس بھجوا دیا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ سپیشل انیشی ایٹو سے واٹر سپلائی کا ٹھیکہ لیا تھا۔ نیب حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ واٹر سپلائی منصوبے پر کام نہیں ہوا جبکہ ہریش اینڈ کمپنی کے اکائونٹ سے نوڈیرو ہائوس کے اخراچات چلائے جاتے رہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں قومی خزانے کو 60 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ ہریش اینڈ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی تھی۔ نیب ذرائع کے مطابق ہریش کمپنی کو ٹھیکے پر ملنے والی رشوت بھٹو ہائوس میں استعمال ہوئی۔ آصف زرداری کو رشوت کی رقوم کی منتقلی پر جواب کیلئے طلب کیاگیا ہے۔ ادھر جعلی اکائونٹس کیس میں نیب نے پانچواں ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید‘ سیکرٹری سندھ حکومت اعجاز خان مرکزی ملزم نامزد ہیں۔ نیب کے مطابق سندھ حکومت کے افسران نے ہریش کمپنی اور اومنی گروپ کو غیرقانونی ٹھیکے دیئے۔ عبدالغنی مجید نے بیٹی مناہل مجید کے نام بے نامی پراپرٹی بنائی۔ ڈی ایچ اے میں کرپشن کے پیسوں سے بنایا گیا قیمتی پلاٹ منجمد کر دیا۔