ایران کیساتھ تناؤ کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں: عمران

May 08, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان نے قانونی یادداشت امریکہ‘ یورپی کونسل اور دیگر فورمز کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی پی منصوبے کے متعلق اہم احکامات جاری کر دیئے۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ایران کے ساتھ تنائو ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ آئی پی منصوبے کیلئے ایران کیساتھ مفاہمی طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ ایران سے گیس کی قیمت خرید پر بھی نظرثانی کی جائے۔ منصوبے کیلئے ایران کے ساتھ مل کر راہیں تلاش کی جائیں۔ ایران پر عالمی پابندیاں پاکستان کو اس حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنے سے روک رہی ہیں۔
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امید ہے جاتی امرا میں 6 ہفتے گزارنے سے نواز شریف کا ذہنی تنائو دور ہوگیا ہوگا ۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے ایک بیان میں نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل واپسی پر کہا اللہ کرے میاں صاحب جیل میں پھر سے بیمار نہ ہوں۔ امید ہے جاتی امرا میں 6 ہفتے گزارنے سے ان کا ذہنی تنا ئودور ہوگیاہوگا۔فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شریف خاندان شاید اب بھی یہ سمجھ رہا ہے کہ لوگوں کو بے وقوف بنا لیں گے۔ ان کا خیال تھا مجمع اکٹھا کر کے این آر او کیلئے دباؤ ڈالا جا سکے گا۔ 2018ء کے انتخابات کی طرح عوام نے ان کے جلوس اور ریلی کو بھی مسترد کر دیا۔ میاں صاحب کو اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ چھوٹے بھائی کو پتہ چلا کہ نواز شریف جیل جائیں گے تو وہ بھی بھاگ نکلا۔ مریم نواز نے پہلے والد کی سیاست ناکام کی آج والد کا جلوس نکال رہی ہے۔ بیٹوں نے پیچھے پلٹ کر والد کا حال تک نہیں پوچھا۔

مزیدخبریں