لاہور(پ ر) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے کسی بھی میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے اور نہ ہی نجکاری کرنے جا رہی ہے۔ چند سیاسی مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے غریب مریضوں کے لئے مشکلات بڑھا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میاں شکیل اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر سمیت میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مزید کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کے ذریعے طبی تعلیمی اداروں میں آنے والے طلباوطالبات کے لئے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور تاحال محکمہ صحت پنجاب کے پاس تین لاکھ سے زائد ملازمین فرائض سرانجام دے رہے ہیں جن کو اپنے معمولی مسائل کے حل کی خاطر مختلف دفاتر سمیت سیکرٹریٹ کے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ یہ ایکٹ ان ملازمین کے ان کی دہلیز پر مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔