لندن (عارف چودھری) برطانیہ کے ادارہ برائے قومی اعداد و شمار نے متنبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سیاہ فام، پاکستانی اور بنگلہ دیشی نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے زیادہ خطرناک ہے۔ ان لوگوں کے سفید فام افراد کی نسبت ہلاک ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے برصغیر یعنی پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت سے تعلق رکھنے والی نسل میں بھی ہلاکتوں کا تناسب زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ مخلوط نسل کے لوگوں میں بھی ہلاکتوں کا تناسب زیادہ ہے۔ برصغیر کی نسل سے تعلق رکھنے والے مردوں میں کرونا کی وجہ سے مرنے کا خطرہ سفید فام افراد کی نسبت 1 اعشاریہ 8 گنا زیادہ ہے۔ سیاہ فام مردوں میں کرونا سے ہلاک ہونے کا امکان 4 اعشاریہ 2 گنا اور سیاہ فام عورتوں میں سفید فام افرادکی نسبت یہ خطرہ 4 اعشاریہ 3 گنا زیادہ ہے۔