کورونا امدادی سرگرمیوں کیلئے پی ایس او 71ملین روپے امدادفراہم کرچکا

اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان اسٹیٹ آئل کورونا کی وبا کے مشکل دور میں قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور اس سلسلے میں پی ایس او کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے لئے 71 ملین روپے کی امداد فراہم کی جاچکی ہے۔71ملین روپے کے امدادی پیکج میں سے50ملین وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کئے گئے۔ اس حوالے سے ایم ڈی اور سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ اور چیئرمین، بورڈ آف مینجمنٹ پی ایس او ظفر اسلام عثمانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور چیک پیش کیا۔ اس کے علاوہ بقیہ 21 ملین روپے کی رقم، حفاظتی اور طبی آلات کی خریداری، ملک بھر میں راشن بیگزکی تقسیم اور ایمبولینسز کو مفت فیول کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں کو عطیہ کی گئی۔ ایم ڈی اور سی ای او پی ایس او، سید محمد طحہ نے کمپنی اور اس کے ملازمین کی جانب سے اس وبائی آفت کا سامنا کرتے ہوئے قوم کا ساتھ دینے کے لئے ثابت قدم رہنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہاکہ میں تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس فنڈ کے سلسلے میں تعاون فراہم کیا۔ ہمیں ایک ایسی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو پوری دنیا کو بدل رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن