مزید 28جاں بحق، 6464صحت یاب، لندن میں پاکستانی ڈاکٹر کا انتقال

May 08, 2020

اسلام آباد‘ نارنگ منڈی ‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ (خصوصی نمائندہ‘ وقائع نگار‘ نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ 1523 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے تازہ اعداد و شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 24898 تک جا پہنچی۔ ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1523 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ترجمان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 12196 ٹیسٹ کیے گئے۔ ترجمان کمانڈ سینٹر کے مطابق مجموعی طور پر 244778 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملک بھر میں 6464 مریض صحتیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔ ملک بھر میں مزید 29 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سندھ میں 14 ‘پنجاب میں 7ہلاکتیں ہوئی۔ ملک میں مجموعی تعداد591 ہو گئی ہے۔ جمعرات کو خیبر پی کے 6 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، اسلام آباد سے 36 کیسز اور بلوچستان میں 2 ہلاکت سامنے آئی ہے۔کل ہلاکتیں 28 ہو گئیں۔ سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 521 ہوگئی ہے جبکہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں جمعرات کوکورونا سے ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔صوبے میں بدھ کو مزید 168 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1663 ہوگئی۔ صوبے میں اب تک کرونا وائرس سے 206 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ خیبر پی کے کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران قرنطینہ مراکز اور ہسپتالوں کے دورے کرتا رہا۔ کھانسی اور بخار کی علامات کے باعث کرونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ انہوں نے چار روز سے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ برطانیہ میں مقیم کینسر کے سپیشلسٹ معروف ڈاکٹر طارق شفیع کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر طارق شفیع کنسلٹنٹ ہومیولوجسٹ تھے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے طارق شفیع کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر طارق شفیع کرونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے سینٹ تھامس ہسپتال لندن میں زیرعلاج تھے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکرٹری اسد کھوکھر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ چیف جسٹس کے سیکرٹری بلاک کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈاکٹر عامر کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکرٹری اسد کھوکھر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اسد کھوکھر کا چیک اپ ہائیکورٹ ڈسپنسری میں کیا گیا۔ ان کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کرونا وائرس کا دوسرا کیس ہے۔ دوسری جانب رجسٹرار اسلام آ باد ہائیکورٹ نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکرٹری بلاک کو سیل کر دیا۔ محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری‘ ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈرگ انسپکٹر کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد ڈاکٹر‘ نرسنگ و پیرا میڈیکل سٹاف میں بھی کرونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں 453 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نارنگ منڈی کے سرحدی علاقہ کھنڈہ کا رہائشی پچیس سالہ عامر سرویا ترکی میں کورونا کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عامر سرویا روز گار کے سلسلہ میں دو سال سے ترکی میں مقیم تھا کہ اچانک کورونا کا شکار ہو گیا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا جب گائوں میں والدین کو اطلاع ملی تو پورے گائوں میں صف ماتم بچھ گئی۔ فیصل آبادگورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں زیر علاج مشتبہ مریضہ زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ کرونا کے شبہ میں مزید افراد کو کرونا سنٹر داخل کروا دیاگیا محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق جڑانوالہ روڈ کھرڑیانوالہ کی رہائشی 30سالہ مہوش زوجہ شبیر کو کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر داخل کروایاگیا ۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے 244نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد3956ہو گئی ۔ وبا سے پشاور‘ مالا کنڈ اور مانسہرہ میں مزید 6افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد209ہو گئی ہے۔ اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر خیبر پختونخوا ہے۔ خیبر پختونخوا 209‘ سندھ171‘ پنجاب156‘ بلوچستان 22‘ اسلام آباد 4‘ گلگت بلتستان 3‘ آزاد کشمیر کوئی نہیں۔ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4افراد ہلاک جبکہ مجموعی طور پر 110افراد میں کرونا کی تصدیق گوجرانوالہ میں 78حافظ آباد 1اور سیالکوٹ میں 31افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی وفات پانے والوں میں ماجد ،محسن ،کرامت ،عمر، ،محمد سرورشامل ہیں۔ محکمہ صحت تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ریجن میں24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے شکار110نئے مریض سامنے آگئے ہیںجس کے بعد ڈویژن بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد1345ہو گئی ہے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر نصرت کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد460 ہو گئی ہے جبکہ گجرات میں 316، سیالکوٹ 366، حافظ آباد84 منڈی بہاء الدین 67اور نارووال میں 52 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے 24گھنٹوں کے دوران ڈویژن میں وائرس سے متاثرہ چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 36سالہ ماجد ، 22سالہ محسن ،72 سالہ کرامت اور 45سالہ محمد سرور شامل ہیں۔ دوسری جانب ریجن کے چھ اضلاع سے اب تک 502مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی لیب کے 5ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد جاوید کے مطابق کرونا کا شکار ملازمین میں ڈاکٹر‘ ٹیکنیشن‘ نائب قاصد‘ کک اور ریسیپشنسٹ شامل ہے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی کرونا ٹیسٹ لیب میں 80ملازمین کام کر ہے ہیں۔ نائٹ شفٹ انچارج ڈاکٹر اور ٹیکنیشن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پاکستان کرونا


مکہ مکرمہ/ واشنگٹن ‘ بیجنگ/ لندن ( شہنوا‘ عارف چودھری‘ نمائندہ خصوصی) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار 989 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 67 ہزار 912 ہو گئیں۔ وائرس کے دنیا بھر میں 22 لاکھ 54 ہزار 910 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے 48 ہزار 209 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 13 لاکھ 27 ہزار 714 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں کرونا انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے او رملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8588 سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت میں مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ اب ملک میں تمام دکانیں کھولی جاسکتی ہیں، لوگ عوامی جگہوں پر ایک دوسرے سے مل سکتے ہیں اور کیئرہومز میں اپنے رشتے داروں سے ملنے جا سکتے ہیں۔ جرمنی میں گرمیوں کی تعطیلات سے پہلے بچے سکول بھی جا سکیں گے اور تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔ حکام کے مطابق جرمنی میں یورپ کی سب سے بڑی فٹ بال لیگ حکومتی اجازت نامے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ دریں اثناء روسی میڈیکل ٹیم اٹلی سے واپس ملک روانہ ہوگئی ہے۔ روس نے مارچ میں اٹلی میں کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے 100 ماہرین پر مشتمل میڈیکل ٹیم اٹلی بھیجی تھی۔ سپین کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت میں مزید دو ہفتوں کے لیے توسیع کی منظوری دیدی ہے۔ برطانیہ میں کرونا کی وجہ سے چار ہزار افراد کو جیلوں سے رہا کر دیا گیا۔نوول کرونا وائرس2019ء کے آخر میں تیزی سے پوری دنیا میں پھیلا اور بیشتر ممالک کے اکلوتے’’پہلے مریض‘‘ کے بارے میں پتہ نہیں ہے‘ یہ بات یونیورسٹی کالج لندن(یو سی ایل) کے جنیاتی مطالعے کے انسٹیٹیوٹ کے تازہ مطالعے میں کہی گئی ہے۔ یونیورسٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس تحقیق میں دنیا بھر میں متاثرہ مریضوں سے 7ہزار 500سے زیادہ وائرس کے جینوم کی سکریننگ کے ذریعے وائرس میں 198بار جینیاتی تغیرات کی نشاندہی کی گئی۔ انفکشن ‘ جنیات اور ارتقا کے جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بار بار ہونے والے تغیرات کا پتہ لگانے سے یہ اس وائرس کی اپنے جدید انسانی میزبان کے ساتھ جاری موافقت کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شواہد میں اضافہ سے یہ نتائج حاصل ہوتے ہیں کہ سارس اور کوو 2(نوول کرونا وائرس) کے آبائو اجداد مشترکہ ہیں‘ خیال ہے کہ ایسا اس وقت تھا جب یہ وائرس سابقہ جانوروں کے میزبان سے لوگوں میں منتقل ہوا۔ مزید کہا گیا کہ اس کا مطلب ہے کہ کوویڈ 19کا باعث بننے والا وائرس اپنی شناخت سے کافی عرصہ پہلے سے ہی انسانی گردش میں تھا۔ اس تحقیق میں روشنی ڈالی گئی ہے کہ وائرس کس طرح اپنے انسانی میزبانوں کے مطابق ڈھل سکتا ہے اور اس کی نشونما کر سکتا ہے‘ جو براہ راست ادویات اور ویکسین کے ڈیزائن کی جانب اشارہ فرا ہم کرتا ہے۔ بنگلہ دیش میں عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث لاک ڈائون کے تحت بند کی گئیں مساجد ڈیڑھ ماہ بعد باجماعت نمازوں کے لئے کھول دی گئیں۔ مساجد میں آنے کے لئے نمازیوں کو ہاتھ دھونے‘ ماسک لگانے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا‘ مساجد میں ڈس انفیکشن سپرے بھی کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش میں 26مارچ کو لگائے جانے والے لاک ڈائون میں بتدریج نرمی کی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیش میں کرونا کے مریضوں کی تعداد12ہزار 425 اور اموات 186ہیں۔ بھار کے وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ ملک میں نوول کرونا وائرس سے لڑائی کیلئے آیورویدک ادویات کے کلینیکل ٹرائلز شروع کر دیئے گئے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 1040 ہو گئی مجموعی تعداد 75578 ہو گئی۔ برطانیہ میں گزشتہ روز 529 افراد ہلاک ہوئے مجموعی تعداد 30615 فیصد ہو گئی سپین میں 213 افراد ہلاک ہوئے مجموعی تعداد 26070 ہو گئی۔ اٹلی میں 274 افراد ہلاک ہوئے مجموعی تعداد 29958 ہو گئی، روس میں 88 افراد ہلاک ہوئے مجموعی تعداد 1625 ہو گئی جرمنی میں 61 افراد ہلاک ہوئے مجموعی تعداد 7336 ہو گئی۔ ایران میں 68 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی تعداد 6486 ہو گئی ترکی میں 57 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی تعداد 3641 ہو گئی ۔ لندن کویڈ 19 کے مثبت ٹیسٹ لینے والے مزید 539 افراد برطانیہ میں فوت ہو چکے ہیں اور ان کی تعداد 61530 ہو گئی ہے۔روس کے دارالحکومت ماسکو میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک اضافہ کر دیا گیا میئر ماسکو کے مطابق ماسکو میں صنعتی اور تعمیراتی شعبے میں 12 مئی سے نرمی دی جائے گی۔ تفریح‘ کھیلوں کی سرگرمیوں‘ ریسٹورنٹس اور تھیٹرز پر پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی عرب میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 793 مریضوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ گزشتہ 10 مریض کرونا وائرس کی وجہ سے انقال کر گئے ہیں سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 219 ہو گئی۔ ایک ہزار 15 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 7 ہزار 798 ہو گئی ہے۔
عالمی کرونا

مزیدخبریں