اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے ذوالفقار احمد پر 2 کروڑ سے زائد رقم کے بوگس چیک دینے سے متعلق کیس میں ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کر دی جبکہ عدالت عظمیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ملک میں نظام عدل تقریباً پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔فوجداری کیس میں ملزم کی گرفتاری لازمی ہے۔ گرفتاری نہ ہو تو نظام عدل ہی ختم ہو جائے گا۔ جمعرات کو چیک ڈس آنر کیس میں ملزم کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ فوجداری کیس میں ملزم کی گرفتاری لازمی ہے۔ گرفتاری نہ ہو تو نظام عدل ہی ختم ہو جائے گا۔جسٹس قاضی امین نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملک میں نظام عدل تقریباً پہلے ہی ختم ہو چکا ہے، کیا چیک کی بھی چوری ہوسکتی ہے؟ ملزم کیسے دعویٰ کر سکتا ہے چیک چوری ہوئے؟انہوں نے کہا کہ پہلے چوری کی تعریف پڑھ لیں، بعض چیزیں چوری نہیں ہوسکتیں، جیسے کسی کا ایمان چوری نہیں ہو سکتا، چیک موو ایبل پراپرٹی میں نہیں آتا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مدعی درخواست گزار کا بزنس پارٹنر تھا، اس نے چیک چوری کر کے جعلی چیک دینے کا جھوٹا مقدمہ کیا جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا آپ نے چیک پر دستخط کر کے تاریخ بھی لکھ رکھی تھی۔جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ آپ کا اکاؤنٹ 2017 میں بند ہوا جبکہ چیک پر 2019 کی تاریخ درج ہے۔ لگتا ہے درخواست گزار نے شرارت سے چیک جاری کیا۔جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ بعض چیزوں کو چرانے پر پرچہ نہیں ہوتا، جیسے دل چرانے پر مقدمہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری کا قانون 1949 سے بہت واضح ہے۔سپریم کورٹ نے ذوالفقار احمد پر 2 کروڑ سے زائد رقم کے بوگس چیک دینے سے متعلق کیس میں ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔