لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا ہے اور عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے وفاق اور دیگر صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں۔ کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔ پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئرز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ ہارڈویئر سٹور کو بھی اوپن کیا جارہا ہے۔ صوبے میں چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں، بیکریوں اور دیگر دکانوں پر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 15جولائی تک بند رہیں گے اور بورڈ کے امتحانات کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ 9ویں، 10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریو ں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بھی بنانا ہے اور عام آدمی کے مسائل بھی حل کرنے ہیں۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے بہتر ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں کرونا وبا کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔ ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مقیم مسافروں تک رسائی دی جائے گی ۔ حالیہ وباء کے باعث بیرون ملک مقیم کئی پاکستانی اپنی روزی سے بھی محروم ہوئے ہیں۔ ورک پرمٹ پر بیرون ملک روزی کمانے والے پاکستانیوں کو ریلیف دینے کا جائزہ لیں گے اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کو ریلیف پیکج کی تیاری کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے بہن بھائیوں کا خیال رکھنا ہماری اخلاقی، سماجی اور قومی ذمہ داری ہے۔بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ میں رہنا ان کی اور ان کے پیاروں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔ بیرون ملک سے وطن آنے والے مسافروں کیلئے ہوٹلوں اور قرنطینہ سینٹرز میں سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا سے مختلف ممالک میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ اپنے بہن بھائیوں کو مشکل کے وقت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کرونا وباء اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کو منظورشدہ فنڈز ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کو جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب حکومت ثقافتی و ادبی اداروں کی معاونت جاری رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ملتان کے تھانہ شاہ شمس کی حدود میں بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے کر سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزموں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ دریں اثناء ملزمان کے خلاف تھانہ شاہ شمس میں مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے خانیوال کے علاقے کبیر والا میں اغوا کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھیلے سیمیا کے مرض سے بچاؤکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تھیلے سیمیا کے مرض کا شکار معصوم بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صدارتی ایوارڈ یافتہ نامور چولستانی مارواڑی لوک گلوکار کرشن لال بھیل کے ا نتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
لاک ڈائون میں نرمی اجتماعی فیصلہ ، عوام کو حکومتی اقدامات کا ساتھ دینا ہوگا: عثمان بزدار
May 08, 2020