شہر قائد سمیت سندھ بھر میں نماز جمعہ کے موقع پر سخت لاک ڈاون ہوگا، دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجےتک شہرمیں تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی ،سندھ میں نمازجمعہ کے اجتماعات محدود ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا 47 واں روز بھی جاری ہے ، حکومت سندھ کی جانب سے آج نماز جمعہ کے موقع پر سخت سخت ترین لاک ڈاؤن ہوگا، دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجےتک شہرمیں تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔لاک ڈاؤن کے دوران نہ کوئی دکان کھلی گی نہ ٹرانسپورٹ چلے گی، شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں نمازجمعہ کے اجتماعات محدود ہو ں گے، مساجد میں پیش امام،موذن اورانتظامیہ کے 3سے 5افراد کو اجازت ہوگی، اور خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا جبکہ شہری باجماعت نماز گھروں میں ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔انتظامیہ کے مطابق اس دوران پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری سڑکوں پرتعینات ہوگی جبکہ صحافی،ڈاکٹر،طبی عملہ اوررضا کار پابندی سےمستشنٰی ہوں گے۔گذشتہ روز وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ جمعے کو لاک ڈاؤن سےمتعلق حکمت عملی برقراررہےگی ، عوام سےاپیل ہے دوپہر 12 سے ساڑھے 3بجے تک گھروں میں رہیں۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ آج ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ لاک ڈاؤن پرعوام کواعتمادمیں لیں گے،وزیراعلیٰ اورکابینہ متفق ہےکہ پہلےعوام کی زندگی پھرکاروبار۔