پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں اور لاہور کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے 4 مریض چل بسے ہیں۔حکام کے مطابق میواسپتال میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے۔ سی ای او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق میو اسپتال میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعددا 47ہو گئی ہے۔ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال میں کورونا کا 65 سالہ مریض جاں بحق ہوا جس سے کورونا سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔جنرل اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جنرل اسپتال میں بھی کورونا کا 48 سالہ مریض جاں بحق ہوا جس کے بعد جنرل اسپتال میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی ، جاں بحق ہونے والے مریض دیگر موذی امراض میں بھی مبتلا تھے ۔یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 25ہزار 837 ہوگئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 افراد جاں بحق ہوئے جس سے کورونا وائرس سے اب تک 594 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔تاہم کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 7ہزار530 ہے۔پنجاب میں سب سے زیادہ 10ہزار 33 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9ہزار 93 ہے،خیبرپختونخواہ میں 3ہزار956 جبکہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 1ہزار725ہے،آزاد کشمیر میں 78 اور گلگت بلتستان میں 394 افراد اب تک مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں،اسلام آباد میں متاثرہ افراد کی تعداد 558 ہے۔