غزہ‘ دمشق (نیٹ نیوز+ اے پی پی) اسرائیل میں فوجی اہلکاروں نے آرمی بیس کے نزدیک فلسطینی نوجوانوں پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے پر اسرائیلی فوجی اڈے کے نزدیک اہلکاروں کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ ان نوجوانوں نے فوجی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنین کے علاقے میں قائم سلیم ملٹری بیس میں 3 فلسطینی نوجوانوں نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے نوجوانوں پر اندھا دھند گولیاں برسادیں۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان مسلح تھے اور فوجی اڈے میں داخل ہونے میں ناکامی پر مرکزی دروازے پر فائرنگ کردی۔ تاہم جوابی فائرنگ میں دو نوجوان مارے گئے اور ایک شدید زخمی ہے۔ اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو دو سال میں چار بار الیکشن میں کامیابی کے باوجود وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ اس سیاسی بحران کے دوران اسرائیلی فوج کے پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا۔ جبکہ رمضان کے ماہ مقدس میں بھی مسلمانوں کو بیت المقدس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دمشق سے اے پی پی کے مطابق شام میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔ شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزرویٹری کی طرف سے جاری ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے وادی گولان کے علاقے میں بمباری کے دوران عسکریت پسند حزب اللہ گرپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ المرصد نے سماجی کارکنوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنانی حزب اللہ کے انٹیلی جنس اور فیلڈ آبرزور سیل کو نشانہ بنایا۔ اس گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے جباتا الخشب، شمالی قنیطرہ اور وادی گولان کے قریب بمباری کی۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق اسرائیلی ہیلی کاپٹروں سے ایک عسکری کیمپ پر دو میزائل داغے گئے جن میں کم سے کم تین جنگجو زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ت اہم زخمی ہونے والوں کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا وہ شامی فوجی تھے یا حزب اللہ کے ارکان تھے۔علاوہ ازیں مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں یہودیوں کو بسانے کیلئے فلسطینی خاندانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ شیخ جراح میں آج مسلسل دوسرے روز اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں‘ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مزید 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔