بھارتی اقتصادی زون میں امریکی بحریہ کا آپریشن اثرورسوخ دکھانے کی کوشش،ماہرین

May 08, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)بھارت کے خصوصی اقتصادی زون میں امریکی بحریہ کا نیویگیشن آپریشن بحرِ ہند میں اپنا اثرورسوخ دکھانے کی ایک کوشش ہے اور اس  میں خصوصی طور پر بھارت اور چین جیسی میری ٹائم قوتوں  سمیت تمام ساحلی ریاستوں کے لیے ایک پیغام موجود ہے۔ یہ بات مقررین نے’’نیویگیشن آپریشن پیٹرول کی آزادی- مسائل اور قانونی  تقاضے‘‘کے عنوان سے ہونے والے ایک ویبینار  میں کہی ،ویبنار کا اہتمام انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز(آئی پی ایس)نے کیا تھا۔ آئی پی ایس کے وائس چیئرمین  سابق سفیرسید ابرار حسین کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس سے کموڈور(ریٹائرڈ)سید محمد عبید اللہ ،ایس آئی(ایم)، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر  پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن  اور نیشنل سینٹر برائے میری ٹائم پالیسی ریسرچ کے بانی ڈائریکٹر، اور کموڈور(ریٹائرڈ)بابر،  بلال ایس آئی(ایم)،  ڈائریکٹر  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز ،اسلام آباد نے خطاب کیا ۔ اجلاس کے کلیدی مقرر کموڈور(ریٹائرڈ)عبید اللہ کا خیال تھا کہ بحر ہند میں حالیہ امریکی بحریہ کے مشقوں نے ہندوستان کی عالمی بحری طاقت بننے کی امنگوں کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا  کہ امریکہ کی  بھارت کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے باوجود اس نے بھارت کو یہ پیغام دیا ہے کہ  اسٹریٹجک شراکت داری بھی امریکہ کو ایسی سرگرمیاں کرنے سے نہیں روک سکتی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نے چین سمیت دوسری ساحلی ریاستوں کو بھی یہ ادراک دلانے کی کوشش کی ہے کہ ان کے علاقے میں بھی اس قسم کے آپریشن کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7اپریل2021 کو  بغیر کسی اطلاع کے ہندوستان کے خصوصی اقتصادی زون میں  امریکہ کے بحری جہازوں کا گھومنا  اس بات کی نشاندہی کرنا ہے کہ کیونکہ امریکہ سمندر قوانین کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کرنے والا ملک نہیں۔

مزیدخبریں