لاہور(سپورٹس رپورٹر) اظہر علی‘عابد علی کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 4وکٹوںپر 268رنر بنالئے ۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔ اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا لیکن عمران بٹ 12 کے مجموعی سکور پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔انہیں نگاروا نے تریپانو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ عمران بٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے کیلئے اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاظ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میںسکور کو 248رنز تک پہنچایاتھا کہ اظہر علی موزا ربانی کی گیند پر شمبا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے ۔ انہوں نے 126رنز بنائے جن میں سترہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔ کپتان بابر اعظم مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر چلتے بنے ۔ انہیں موزا ربانی نے کاسوزا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا ۔پہلے میچ کے سنچری میکر فواد عالم دوسرے ٹیسٹ میچ میں ناکام رہے اور صرف پانچ رنزبناکر موزا ربانی کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ ساجد خان کو نائٹ واچ میچ کے طور پر بھیجا گیا ۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر عابدعلی 118اور ساجد خان ایک رن پر کھیل رہے تھے ۔زمبابوے کی طرف سے موزا ربانی نے تین جبکہ نگاروا نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
اظہر علی،عابد علی کی سنچریاں،پاکستان کے4وکٹون پر268رنز
May 08, 2021