مقامات مقدسیہ کا دفاع یقینی بنائیں گے،جنرل باجوہ

May 08, 2021

راولپنڈی (خبر نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی، افغان امن عمل اور اس پر ہونے والی تازہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی شہزادہ کو یقین دلایا کے پاکستان مقامات مقدسہ کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔ جبکہ سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار قابل تعریف ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، اول نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے پر عزم ہے، پاکستان مقامات مقدسہ کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کے علاوہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں