شرافت متانت عجزوانکساری اور شفقت و صلہ رحمی کا ایک عہد ختم ہوگیا خاکسار تحریک کے نامور رہنما راجہ شیر زمان کے صاحبزادے سابق ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز پنجاب راولپنڈی خاکسار تحریک سے متعلق لاتعداد کتابوں کے مصنف اعلی پائے کے ادیب اور تعلقات عامہ کے شعبے کی ایک معروف ہمہ گیر شخصیت راجہ ثنائاللہ اختر سولہ رمضان 29اپریل 2021کو وفات پا گئے ان کی رحلت کی خبر گہرے دکھ اور صدمے کے ساتھ سنی گئی مرحوم اپنی ذات میں ایک ادارہ کی حیثیت رکھتے تھے وہ روات کے علاقے موڑا وینس میں پیدا ہوئے مقامی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کی اس کے بعد اپنے والد خاکسار تحریک کے نامور رہنما راجہ شیر زمان کے ساتھ چاہ سلطان کے علاقے میں رہائش پذیر رہے محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی میں افسر اطلاعات کے طور پر ان کی تقرری ہوئی اور اس محکمے میں طویل مدت تک خدمات سرانجام دینے کے بعد ڈائریکٹر اطلاعات راولپنڈی ڈویژن کے عہدے سے ریٹائر ہوئے طویل عرصہ راولپنڈی میں خدمات سر انجام دینے کی وجہ سے ان کا حلقہ احباب بڑا وسیح تھا تاریخ ادب سیاست اور صحافت پر دسترس رکھنے کے باعث ہر خاص و عام میں یکساں مقبول تھے سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے والد گرامی راجہ شیر زمان مرحوم کا مشن جاری و ساری رکھے ہوئے خاکسار تحریک کی تاریخ رقم کی اور خاکسار تحریک کی جدوجہد کے حوالے سے کتابیں تصنیف کیں دوران ملازمت انہوں نے اپنے
فرائض جانفشانی خوش اسلوبی اور نیتی کے ساتھ سرانجام دیے اللہ تعالی نے انہیں بے شمار اوصاف اور صلاحیت سے نوازا تھا منکسرالمزاج رحم دل شخصیت کے مالک تھے ان کی انسان دوستی کی وجہ سے وہ ہردلعزیز تھے پچاسی سال کی عمر میں بھی اپنا ہر کام خود اپنے ہاتھ سے کرتے اپنے علمی اور ادبی ذوق کے باعث کئی اداروں سے منسلک تھے اس علم اور انسان دوستی کے جذبے نے انہیں نمایاں مقام عطا کیا ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے باوجود بھی عملی زندگی میں ایک نوجوان کی طرح متحرک رہے خاکسار تحریک سے گہری وابستگی کی وجہ سے ان کی شخصیت محبت اور اخوت کے رشتوں میں رچی بسی تھی وہ احترام آدمیت کے دل سے قائل تھے اور مرتے دم تک دوسروں کے دکھ درد بانٹتے رہے ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں دوسروں کی خوشیوں کے لیے جیتے ہیں اور خلق خدا سے محبت کرنے والے لوگ یقینا اللہ تعالی کے بہت قریب ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے آمین۔
حامد جاوید اعوان، ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی