پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط

May 08, 2021 | 12:52

ویب ڈیسک

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں نے اعلی رابطہ کونسل سمیت تین معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان نے سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد اور عمران خان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سزا یافتگان کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ، انسداد جرائم کے سلسلے میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔ ان دونوں معاہدوں پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے۔انسداد منشیات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر مملکت کی جانب سے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے ہیں۔توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، پانی اور مواصلات کے شعبوں میں منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر سعودی عرب کی طرف سے وزیر سیاحت و سربراہ سعودی ترقیاتی فنڈ احمد الخطیب اور پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کیے۔

مزیدخبریں