کرونا ختم، پی سی بی کا بائیو ببل سے جان چھڑانے کا فیصلہ


لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا میں کرونا کی صورتحال کے سبب 2 برس قبل کرکٹ مقابلوں میں اپنایا جانیوالا بائیوسکیور ببل ماحول ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع برنی نے بائیوسکیور ببل ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کروناکی صورتحال میں بہتری کے بعد کیا گیا ہے، کرونا کے آغاز پر پی ایس ایل کے میچز بند دروازوں میں کروا کر پی سی بی بائیو سکیور ببل ماحول اپنانے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بنا تھا۔بورڈ کے اس تاریخی فیصلے کے بعد مقابلوں میں شریک کرکٹرز اب کمروں میں بند نہیں رہیں گے، اس کا اطلاق سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے ہوگا جبکہ حالات موزوں ہونے پر جون میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل ہوم سیریز بھی بائیو سیکور ببل ماحول سے آزاد ہوگی۔بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے سماجی فاصلہ رکھنے سمیت دیگر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دوران مقابلہ کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل میں علامات ظاہر ہونے پر رپیپڈ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی صورت میں ضابطہ کے مطابق پی آر سی ٹیسٹ کے بعد آئسولیٹ کردیا جائے گا۔ پاکستان کپ کے فائنل میں بائیو سکیور ببل ماحول ختم کرنے کا تجربہ کیا گیا تھا، اس تجربہ میں کامیابی پر کرکٹ ایونٹس میں بائیو سکیورببل جاری نہ رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن