پشاور(بیورورپورٹ)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ سابقہ وزیر اعظم نے اپنی کارکردگی سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے بیرونی سازش کا بیانیہ گھڑا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بٹگرام تحصیل شبقدر میں ایک عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ بیرونی سازش کا نظریہ اپنی حکومت کی کارکردگی سے توجہ ہٹانے کا ایک ناکام حربہ ثابت ہوااور اب عمران خان نوجوانوں کو تشدد پر اکسانے اور ملک کوانار کی کی طرف لے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ بیرونی سازش نظریہ کے بیانیہ سے ہوا نکل چکی ہے کیونکہ عمران خان نے خود تسلیم کیا ہے کہ اپوزیشن گزشتہ سال جولائی سے اس کی حکومت کے خلاف عدم اعتمادکی غور و حوض کر رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن نے عمران خان کو اقتدار سے الگ کرنے کیلئے عدم اعتماد کا آئینی راستہ اختیار کیا لیکن اقتدار کھونے کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ ابھی تک اس صدمے سے باہر نہیں نکلے لہٰذا وہ ملک میں آئینی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ عمران دوسرے ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں ۔انھوں نے نئی مخلوط حکومت سے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔
بیرونی سازش نظریہ کے بیانیہ سے ہوا نکل چکی: آفتاب شیرپاؤ
May 08, 2022