عمران میرے بھائی، آئیڈیل، ان کی ذات پر کبھی تنقید نہیں کی: شاہد آفریدی

May 08, 2022

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر تنقید کے بعد شدید رد عمل آنے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے عمران خان پر تنقید کے حوالے سے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم بھائی، ہمیشہ میرے آئیڈیل رہے ہیں اور میں نے ان کی ذات پر کبھی تنقید نہیں کی۔ اپنے یوٹیوب چینل پر خصوصی ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر مجھ پر منفی تنقید کی جا رہی ہے لیکن میں نے کبھی عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی بلکہ عمران خان کو لیڈر تصور کیا ہے۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اس نے مجھے پاکستان میں پیدا کیا، پہلے کرکٹ کے ذریعے اور اب فاؤنڈیشن کے ذریعے قوم کی خدمت کر رہا ہوں۔ عمران خان سے متاثر ہو کر میں نے کرکٹ شروع کی، اگر وہ نہیں ہوتے تو میرا نہیں خیال کہ کرکٹ میں اللہ نے مجھے جو مقام دیا وہ میں حاصل کر پاتا۔ شوکت خانم بہت اچھا اقدام تھا اور جب وہ حکومت میں آئے تو صحت کارڈ ایک بہترین اقدام تھا۔ کسی کی بھی حکومت ہو، اس کو 5 سال ضرور ملنے چاہئیں اور اسی کی پرفارمنس کو عوام میں لے جا کر ووٹ لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف کو برداشت کرنا ایک مہذب معاشرے کی نشانی ہے، میں نے تمام باتیں سیاسی نظریے رکھ کر نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی ہونے کی حیثیت سے کیں اور ہم سب کو یہ حق حاصل ہے۔ مجھے اندازہ تھا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دینے پر کافی تنقید کی جائے گی لیکن ساتھ ساتھ وضاحت بھی کی کہ اس کے پیچھے کوئی سیاسی مفاد شامل نہیں۔

مزیدخبریں