نارنگ منڈی (نمائندہ نوائے وقت) دیہی مرکز صحت نارنگ میں ڈاکٹر غیر حاضر، آکسیجن سلنڈر خالی، ای سی جی مشین خراب، نرس اور ڈسپنسر ناتجربہ کار ہونے کی وجہ سے 60سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق ڈیڑھ لاکھ آبادی کا واحد دیہی مرکزصحت کی حالت زار عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ نارنگ کے رہائشی رانا مشتاق کو سینے میں تکلیف کے باعث دیہی مرکزصحت نارنگ لایا گیا جہاں پر ڈیوٹی ڈاکٹر حسان معین غیر حاضر پائے گئے۔ ڈسپنسر معدے کا علاج کرتا رہا، حالت غیر ہونے پر آکسیجن لگانے کی ضرورت تھی مگر سلنڈر خالی پائے گئے جبکہ نرس کو ای سی جی کرنے کے لئے بلایا گیا تو مشین بھی نہ چل سکی اور کہا گیا مریض کو لاہور لے جائیں مگر مریض راستے میں ہی دم توڑ گیا، جس پر لواحقین نے ہسپتال میں شدید احتجاج کیا۔