رانا مشہود کو تعلیم ، ہائرایجوکیشن اور سکولز وزارتیں ملنے کا امکان 


لاہور (ساجد چودھری) رانا مشہود احمد کو محکمہ تعلیم ہائر ایجوکیشن اور سکولز کی وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ ایم پی اے کو دونوں صوبائی محکموں میں صوبائی وزیر کا پروٹوکول ملنا شروع ہو گیا۔ رانا مشہود احمد نے دونوں محکموں میں اعلی عہدوں پر بہترین افسر تعینات کرنے کے لیے مشاورت بھی شروع کر دی ہے۔ سابق وزیر اعلی عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی سفارش پر تعینات کیے گئے ڈی پی آئی کالجز اور ڈائریکٹر کالجز لاہورکو عہدوں سے فوری ہٹانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز کالجز (ڈی پی آئی) پنجاب کے لیے ڈاکٹر اختر سندھو اور ڈائریکٹر کالجز لاہور کے لیے محمد زاہد میاں کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں۔ محکمہ ہائر ایجو کیشن میںسابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی سفارش پر ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز کالجز (ڈی پی آئی) پنجاب ڈاکٹر عاشق حسین کو 6ماہ کا عارضی چارج دے کر تعینات کیا گیا تھا لیکن انہیں چار بار سابق وزیر اعلی کے کہنے پر انکے عہدے میں توسیع دی گئی کو فوری ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انکی جگہ پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائن  لاہور  ڈاکٹر اختر سندھو کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن