سانحہ مری : فیصلہ محفوظ ، غیر قانونی تعمیرات محکمہ کی غفلط ، قوم کا ضمیر کب جاگے گا :لاہور ہائیکورٹ 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے ریمارکس دیئے کہ پتا نہیں قوم کا ضمیر کب جاگے گا، لوگوں میں احساس ذمہ داری ہی نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سانحہ مری کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈووکیٹ جلیل اختر نے اپنے دلائل میں بتایا کہ 3 کنال مجموعی طور پر جگہ تھی جو پارکنگ پلازہ کیلئے مختص تھی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آئیڈیا طے ہوا رقم مختص ہوئی پھر سب ختم ہو گیا، پھر یہ پیسہ کہاں گیا ؟ کسی کے باپ کا نہیں، مزدوروں کا پیسہ ہے، کیا یہ کوئی مغلیہ سلطنت ہے، ملک کی تباہی کی بنیادی وجہ امیر غریب کے لیے الگ قانون ہے۔عدالت نے کہا کہ مری ایکسپریس وے پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، مری میں محکمے کی غفلت کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات ہوئیں، محکمہ کی غفلت کی وجہ سے لوگوں کا پیسہ ضائع ہوا، اگر آج تعمیرات گرا دیں تو لوگوں کے اربوں روپے ضائع ہوجائیں گے، محکمے نے غیرقانونی تعمیرات سے روکا ہوتا تو یہ پیسہ مناسب جگہ لگا ہوتا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس عبدالعزیز نے کہا کہ سانحہ مری کے کیس کو کلوز کر رہا ہوں، اس کا فیصلہ جلد کروں گا۔خیال رہے کہ 7 اور 8 جنوری کی رات کو مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن