شہر کے میگا پراجیکٹس میں غیراستعمال شدہ فنڈز دیگر سکیموںمیں منتقل 

لاہور(خبرنگار)لاہورکے میگا پراجیکٹس میں غیراستعمال شدہ فنڈز دوسری ترقیاتی سکیموںمیں منتقل کردیے گئے ،شاہکام ،شیرانوالہ فلائی اووراورگلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کے ایک ارب سے زائد کے فنڈز منتقل کیے گئے۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے 3پراجیکٹس کو 1ارب 13کروڑ 50لاکھ کے اضافی فنڈز منتقل کردیئے گئے ہیں، شاہکام فلائی اوور منصوبے کے 30کروڑ، شیرانوالہ فلائی اوور منصوبے کے 45کروڑ، گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کے 35کروڑ منتقل کیے گئے۔کینال روڈ سے بحریہ ٹاؤن سڑک کی تعمیر کے مختص ڈیڑھ کروڑ اور کالج روڈ امیر چوک کی تعمیر و بحالی کے 2کروڑ کے فنڈز بھی منتقل کردیئے گئے، گوالہ کالونی روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کیلئے 13کروڑ کے فنڈز فراہم کردیئے گئے، منتقل شدہ فنڈز میں 83کروڑ کے فنڈزسگیاں روڈ توسیع و بحالی منصوبے کو منتقل کیے گئے، پی اینڈ ڈی نے فنڈز منتقل کرکے ایل ڈی اے کو مراسلہ جاری کردیاہے۔  

ای پیپر دی نیشن