لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2روپے 86پیسے کے ظالمانہ اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام پر ایک بارپھر بجلی بم گرادیاہے جس سے صارفین پر 32 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ شہباز حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت عید سے قبل بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا اور اب پھر چند روز بعد فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت بڑھا کر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا ہے کہ پہلے چار سال عمران خان کی حکومت سابقہ حکومتوں اور حکمرانوں کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہراتی رہی اور اب شہباز حکومت عمران خان کی حکومت پر الزام لگارہی ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار سابقہ حکومت تھی لیکن اس اقتدار کی لڑائی میں عوام پر مسلسل مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں۔ کسی بھی سابقہ اور موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے بلکہ ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کا معاشی قتل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر آنکھیں بند کرکے عمل کرنے والے حکمران پاکستان کے اداروں اور عوام کو گروی رکھ کر مزید مہنگائی کے ذریعے عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ جو قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔
حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام پر بجلی بم گرادیا: ذکر اللہ مجاہد
May 08, 2022