خانیوال (نمائندہ نوائے وقت)عید الفطر کے ایام میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے بلند و بانگ دعوے صرف دعوؤں کی حد تک محدود ہوگئے۔ اعوان چوک پر ٹی ایم اے عملہ عید کے ایام میں محض ڈیزل بچانے کے چکر میں سارے شہر کا کوڑا کرکٹ ڈمپنگ پوائنٹ پر ڈمپ کرنے کی بجائے یہاں پھینکتے رہے جس کے سبب علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ علاقہ مکین اور شہری کہتے ہیں کہ ٹی ایم اے عملہ کو کئی بار منع کیا لیکن اس کے باوجود کوڑا کرکٹ پھینکنے سے باز نہیں آتے۔اعوان چوک پر لگے پہاڑ نما کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جہاں علاقہ میں وبائی امراض کی بڑی وجہ بن رہے ہیں وہیں متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔ اہل علاقہ نے کمشنر ملتان سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
.