لاہور (نیوز رپورٹر) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان اور عامر سعید راں ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی تاج پوشی میں موجودگی سے سب سے بڑا خطرہ تاج کے غائب ہونے کا تھا۔ شہباز شریف سپریم کورٹ کے خلاف نواز شریف سے تازہ ہدایات لینے لندن گئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے پورے ملک کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ اگر کسی نے اس ملک میں رہنا ہے تو ضمانت کروا لے۔ ہم عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے ابھی تک اس ملک کا نظام بچایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھگوڑا ہے۔ خواجہ آصف خود نہیں بولتے بلکہ اس کے اندر ان کے یار نواز شریف بولتے ہیں۔ جام صادق کے کردار والا گھس بیٹھا ہے کیونکہ اس کی اور اس کی کابینہ کی مدت ختم ہو چکی ہے‘ لیکن وہ ابھی تک سرکاری خزانے سے تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے گھر پر غیرقانونی حملے کی عدالت نے تو معافی دیدی ہے مگر ہم نے معاف نہیں کیا۔ پولیس والوں نے ہمارے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی ہے۔ یہاں آ ئے ہوئے مہمانوں کے موبائل فون‘ پرس اور موٹر سائکلیں لے گئے۔ ہمارے 20 سے زائد افراد ابھی تک جیلوں میں ہیں۔ 17 سے زائد مقدمات تو میرے خلاف درج ہو چکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قریبی ہمسایوں نے تو ہم سے پوچھا تک نہیں، نہ کسی نے معذرت کی۔
پی ڈی ایم نے ملک جیل بنا دیا‘ یہاں رہنا ہے تو ضمانتیں کرائیں: پرویز الٰہی
May 08, 2023