عمران اداروں کو بدنام کرنے کی حد عبور کرچکا ، ملک تباہ کرنا چاہتا ، اجازت نہیں دیں گے : زرداری 


 اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے عمران خان اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کرچکا جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش نے عمران خان کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے، بس بہت ہوگیا، غیرملکی ایجنٹ کی گزشتہ روز کی تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اس کی پیروی کرنے کا اب سوچ بھی نہیں سکتا۔آصف علی زرداری نے کہا عمران خان میرے آباو¿اجداد، میرے بچوں اور میرے ملک کو تباہ کرنے کے درپے ہے جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے، یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب نے دفن ہونا ہے، ہم عمران خان کو اجازت نہیں دیں گے وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے۔ شریک چیئرمین پی پی نے کہا پاک آرمی کے بہادر اور مایہ ناز افسروں پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے، عمران خان جھوٹ اور دھوکے سے اپنے معصوم کارکنوں کو بے وقوف بنارہا ہے، میں اس شخص کا زوال دیکھ رہا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن