اسلام آباد‘ لندن (اے پی پی‘ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا معمولی سیاسی فائدے کی خاطر پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کو بدنام کرنے اور دھمکیاں دینے کا معمول انتہائی قابل مذمت ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے معمولی سیاسی فائدے کی خاطر پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کو بدنام کرنا اور دھمکیاں دینا معمول بنا لیا ہے، اس کا یہ فعل انتہائی قابل مذمت ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنرل فیصل نصیر اور ہماری انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور فنی تعلیم کے منصوبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ بہت جلد سرمایہ کاری کانفرنس بلائیں گے جس میں سکاٹ لینڈ کے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے اور روڈ شو کا اہتمام ہوگا جس میں پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبہ کی صلاحیتوں کے بارے میں سکاٹ لینڈ کے سرمایہ کاروں کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔ عمران نیازی نے میرے خلاف جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی، اس میں پاکستان سرخرو ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر پاکستانی نژاد حمزہ یوسف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حمزہ یوسف سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر منتخب ہوئے ہیں، وہ انتہائی باصلاحیت نوجوان ہیں، انہیں کامیابی کی مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں سکاٹش سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ روڈ شوز کے انعقاد کے ذریعے پاکستان میں متبادل تونائی کے شعبے کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں 70 سے 80 ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور تکنیکی تعلیم وغیرہ کے شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ اور استحکام کیلئے مل کر اقدامات کریں گے۔ اس کے علاوہ آبی وسائل، شمسی توانائی اور ونڈ انرجی کے شعبوں میں سکاٹ لینڈ کی مہارتوں سے استفادہ کرنے کیلئے کام کریں گے تاکہ ان شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے میرے خلاف جھوٹا بیانیہ تیار کیا اور ہر حربہ استعمال کیا لیکن اس میں عمران نیازی کو ناکامی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے نہیں پاکستان کے عوام کو سرخرو کیا۔ میرے خلاف بدنیتی سے جھوٹا کیس بنایا گیا تھا جس کی دو سال تک دنیا کے کونے کونے میں تحقیق کی گئی، سوئٹزرلینڈ اور دبئی میں تحقیق کی گئی جس کے بعد مجھے کلین چٹ ملی جو اللہ تعالی کا کرم ہے اور پاکستان سرخرو ہوا۔ عمران نیازی نے پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور پیسہ بھی لگایا اور وقت کا بھی نقصان ہوا لیکن اس جھوٹے بیانیہ میں پاکستان سرخرو ہوا ہے اور اس میں میری عزت بڑھی ہے۔ عمران نیازی کا جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے وہ سر سے پاﺅں تک جھوٹا، مکار اور محسن کش آدمی ہے۔ انشاءاللہ اس کی ضرور اللہ کے ہاں پکڑ ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرا دورہ برطانیہ کامیاب رہا۔ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان جب مشکل میں تھا تب ملک کی باگ ڈور سنبھالی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ نواز شریف نے ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے سخت اقدامات کا کہا ہے۔ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتیں ملکی مسائل کے حل کیلئے فکرمند ہیں۔ کنگ چارلس کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی۔ انہوں نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مشکل فیصلے لینے پڑے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے فوری بعد گوادر کی ترقی میں گہری دلچسپی لی اور گزشتہ سال کے وسط میں ذاتی طور پر پورٹ سٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبہ بلوچستان کے لیے 100 ارب کے ترقیاتی پیکج کے اعلان اور شہر کے لئے ایک خطیر رقم مختص کرنے کے علاوہ ایسٹ بے ایکسپریس وے سمیت بنیادی ڈھانچے کے کلیدی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال جون میں شہر کے دورے کے دوران گوادر میں پانی، بجلی اور انفراسٹرکچر کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے پانی اور بجلی کے منصوبوں میں مزید رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں 12 لاکھ گیلن ڈی سیلینیشن پلانٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گھروں میں پانی کی فراہمی کے لیے پائپ لائنوں کے نیٹ ورک کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے انکوائری کا بھی حکم دیا۔ شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گوادر بندرگاہ پر ڈریجنگ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ "بریک واٹر" کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے کی اقتصادی صلاحیت سے استفادہ علاقائی امن و استحکام کی بحالی پر منحصر ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے 5ویں سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات نے افغان عوام کے مفاد میں ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے کام کرنے کے لیے پاکستان اور چین کے غیر متزلزل اتفاق کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی اور پائیدار توجہ کے ذریعے امن اور استحکام میں سرمایہ کاری کامیابی کے نتائج کو یقینی بنائے گی، بشمول ان اقدامات کی کامیابی جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ علاقائی روابط اور سماجی و اقتصادی ترقی ہے۔