پرسوں مریدکے میں جلسہ ، سب سن لیں اگلی کال تاریخی ہوگی ، عمران 

May 08, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ آئی این پی) تحریک انصاف نے جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ پی ٹی آئی بدھ سے اتوار تک 5 بڑے شہروں میں جلسے کرے گی۔ پہلا جلسہ بدھ کو مریدکے میں ہو گا۔ دوسرا جمعرات کو گکھڑ منڈی میں ہو گا۔ تیسرا لالہ موسیٰ‘ چوتھا گوجر خان اور پانچواں جلسہ اٹک میں ہو گا۔ عمران خان تمام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ میں بدھ سے لیکر 14 تاریخ تک جلسے کرنے جا رہا ہوں، میں سب کو بتانا چاہتا ہوں جو اگلی بار کال دوں گا وہ تاریخی ہو گی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری کال پر 4 ہزار 200 مقامات پر لوگ نکلے، کبھی ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، لوگ کسی شخصیت نہیں بلکہ آئین کی حفاظت کرنے کیلئے نکلے ہیں، علی امین کو ایک ماہ حراست میں رکھ کر تشدد کیا گیا لیکن ڈیرہ اسماعیل خان نے اس کا تاریخی استقبال کیا، فسطائیت سے عوام کے دلوں میں سرایت کرنے والی تحریک کو نہیں روک سکتے۔ کارکنوں کو پکڑنے سمیت کچھ بھی کر لیں اس سے ہمیں نقصان کے بجائے فائدہ ہو گا، اگر ملک کو دلدل سے نکالنا ہے تو الیکشن ہی ایک حل ہے، کسی بیوقوف سے بھی پوچھیں گے تو وہ بھی یہی بتائے گا کہ انتخابات ہی مسائل کا حل ہے، ماہر معیشت بھی یہ صدا بلند کر رہے ہیں کہ ملک تب تک بہتر نہیں ہو گا جب تک انتخابات کا اعلان نہ ہو جائے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ صرف مجھے باہر کرنے کیلئے ملک کو تباہی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، تاریخ کسی کو بھی معاف نہیں کرے گی، ایک سال پہلے جس نے ہماری حکومت گرائی اس کیلئے میر جعفر چھوٹا نام ہے، کوئی بیرونی طاقت مدد کیلئے تیار نہیں، بھارت میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے اجلاس میں ہونے والی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ذلت سب نے دیکھ لی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ آئین 90 روز میں الیکشن کا کہتا ہے۔ چیف جسٹس آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت کھل کر سپریم کورٹ پر حملے کر رہی ہے، یہ لوگ آئین توڑنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جانے کو تیار ہیں، اس وقت ملک کے 70 فیصد لوگوں کے منتخب نمائندے ایوان میں ہی موجود نہیں، ملک چلتا ہی آئین سے ہے، آئین ختم ہونے کا مطلب ملک کا ختم ہونا ہے۔ حکمران انتخابات سے خوفزدہ ہیں، پاکستان میں جلد انتخابات ہی مسائل کاحل ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے کینیڈا کی اپوزیشن پارٹی کے لیڈر پیٹرک بران کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں سیاسی صورت حال اور معاشی پالیسوں کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے حکومتی رویے پر بھی عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جلد انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔ عمران خان نے کہا ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں سب کے لیے یکساں قانون ہو۔ حکمران انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔ انتخابات کا راستہ روکنے کیلئے حکمران آئین شکنی کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت ہونے والے لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس میں عمران خان نے الیکشن مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز کو کہا ہے کہ ڈور ٹو ڈور کمپین، ریلیوں اور جلسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، زیادہ سے زیادہ لوگوں تک تحریک انصاف کا بیانیہ پہنچائیں۔ بتایا گیا ہے کہ اپنے حلقوں میں تحریک انصاف کے ناراض دھڑوں کے تحفظات دور کر کے انہیں الیکشن کمپئین میں شامل کریں۔ اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، امتیاز شیخ، زبیر خان نیازی، ملک سرفراز کھوکھر شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں فلاحی اقدامات، تنظیمی امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کہا کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے عوام عمران خان کی قیادت میں قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کی قیادت میں اپنی کابینہ، مشیران، معاونین اور منتخب نمائندوں سمیت ریلی میں شرکت کو باعث فخر سمجھتا ہوں، چیف جسٹس سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی میں ہماری شرکت گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ خالد خورشید نے کہا گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام عمران خان کے حقیقی آزادی کے ویژن کی تائید کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں