سرینگر (اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت حق خودارادیت کے جائز سیاسی مطالبے کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شمالی کشمیر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک ایسی جنگ لڑ رہا ہے جسے وہ کبھی جیت نہیں سکتا کیونکہ کشمیری ہر قیمت پر اس کے تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اوربھارت کومجبورکرے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔دریں اثنا جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے بھارتی فوج کی تازہ ریاستی دہشت گردی اور پونچھ اورراجوری اضلاع کے حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپوں اورمکینوں کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی ترجمان عمر مغل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو دبانہیں سکتا۔
بھارت حق خودارادیت کا جائز مطالبہ دبانے کیلئے کشمیریوں کو شہید کر رہا : حریت کانفرنس
May 08, 2023