لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قالینوں کی 39ویں عالمی نمائش رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کیلئے پیشگی رابطے شروع کئے جارہے ہیں۔ قوی امید ہے کہ حکومت عالمی نمائش کی کامیابی اور اس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں کو ہاسپیٹلٹی پیکج میں معاونت کرے گی۔ ہمارا ہدف ہے کہ ہم نے حال ہی میں روایتی حریف ہمسایہ ملک میں ہونے والی نمائش کی طرز پر کامیابی حاصل کرنی ہے جس کیلئے حکومت کا تعاون نا گزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کیلئے مشاورت سے 4سے 6اکتوبر 2023کی تاریخ طے کر کے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ایسوسی ایشن کے ہر رکن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نمائش کی کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیر ملکی خریداروں کو نمائش میں شرکت کیلئے قائل کیا جائے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ اس سلسلہ میں ہمارے ساتھ تعاون کرے تاکہ غیر ملکی خریداروں کو بہترین ہاسپیٹلٹی پیکج کی پیشکش کی جاسکے۔ آنے والے دنوں میں ایسوسی ایشن کا وفد متعلقہ سرکاری حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔ نمائش میں سٹال لینے کے خواہشمندوں کیلئے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ وہ انتہائی دیدہ زیب اور معیاری مصنوعات ڈسپلے کریں گے تاکہ عالمی نمائش کے ذریعے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو تقویت مل سکے۔ اس سلسلہ میں غیر ملکی خریداروں سے پیشگی خط و کتابت شروع کی جارہی ہے اور جن ممالک میں ہماری مصنوعات کی زیادہ طلب ہے وہاں وفود بھجوانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومتی سطح پر ہمیں بھرپور تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ یہ نمائش پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوںکی تشہیر کیلئے موثر پلیٹ فارم ثابت ہو سکے۔ آنے والے دنوں میں اجلاس منعقد کر کے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو باضابطہ ذمہ داریاں بھی تفویض کی جائیں گی۔
قالینوں کی 39ویں عالمی نمائش لاہور میں ہو گی: کارپٹ ایسوسی ایشن
May 08, 2023