لاہور(کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے پاکستان کو آئندہ مالی سال میں قرضوں کی واپسی سمیت مجموعی طور پر 34 ارب ڈالر کی خطیر رقم درکار ہے۔ ترسیلا ت زر ، ایکسپورٹ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ ی کے رجحان کو دیکھا جائے تو اس مد میں پاکستان کی آمدن تسلسل کے ساتھ کم ہو رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ حکومت دنیا میں نئی منڈیوں تک رسائی کے ساتھ ساتھ تمام ایشیائی ممالک سے روابط کو فروغ دے کر ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”پاکستان کے معاشی اشاریے “ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹیل کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا، نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف االرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہو یاآئندہ کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت آئے پاکستان کو ایک بار پھر آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوست ممالک سے مزید مالی معاونت حاصل کرنا ہو گی۔ ملک کی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے سر جری نا گزیر ہے۔ نقصان میں جانے والے سرکاری ادروں اور کارپوریشنز کی فوری نجکاری کی جائے ، وزارتوں کے اللے تللے حقیقی معنوں میں کم کئے جائیں۔ بیورو کریسی کی مراعات کم کی جائیں۔ میڈ ان پاکستان مہم چلائی جائے۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کو اس طرز پر ترقی دی جائے جو ایکسپورٹ انڈسٹری بن سکے۔