لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی ترقی میں صنعت کار اور تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ لاہور پولیس اور ایل سی سی آئی کے درمیان مربوط روابط اورتعاون کیساتھ ساتھ ایل سی سی آئی کی ذیلی تنظیموں اور انڈسٹریل زون کے تمام ملازمین کی پولیس ویریفکیشن کروانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔محمد فیصل کامران نے کہا کہ اس اقدام سے شر پسند عناصر اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔انہوںنے تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے ایل سی سی آئی میں قائم خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ عملہ کو محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنزدفتر میں کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنزلاہور نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کوان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے اور کہا کہ انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔