لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ فی میل گریجویٹس کو خودمختار بنانے کیلئے جدید سکلز اور آئی ٹی کی مہارت سکھائیں گے۔ ایسی تعلیمی پالیسی لائیں گے کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلباء سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی خواہش کا اظہار کریں گے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں کو آیندہ 5 سالوں میں اس لیول پر لے جائیں گے کہ بین الاقوامی جریدے بھی اس تعلیمی انقلاب کا ذکر کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایم اے او کالج کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کیلئے ایکسچینج پروگرام لا رہے ہیں۔ اس ضمن میں بیشتر ممالک کی یونیورسٹیوں سے ایم او یو کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے سال سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے ایک ہزار طلبہ و طالبات کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ مل کر تعلیمی انقلاب لائیں گے۔ کرپشن اور ہراسمنٹ پر زیرو ٹالیرنس پالیسی ہوگی اور میرٹ کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو وسائل سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی کلاسوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ۔