لندن(این این آئی)مئیر لندن صادق خان نے فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صادق خان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت عوامی سطح پر جنگ بندی کا مطالبہ کرے، حکومت اسرائیل کو رفح پر حملہ کرنے سے روکے۔میئر لندن صادق خان نے کہا کہ رفح پر اسرائیلی حملہ بہت بڑا المیہ ہوگا، رفح پر حملے کی صورت میں مزید بیگناہ فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی خاندانوں کو امداد فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوجائے گا۔صادق خان کا کہنا تھا اسرائیل فلسطین تنازع پر برطانوی حکومت کے نقطہ نظر میں فوری تبدیلی کی ضرورت ہے، برطانیہ اب خود کو شہریوں کی ہلاکتوں میں ملوث رہنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری طور پر بند کرے۔