ٹورنٹو (این این آئی) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں خالصتان کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سکھ رہنمائوں اور کارکنوں نے بھارت اور مودی حکومت کے خلاف تقاریر اور نعرے بازی کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ٹورنٹو میں چھ کلومیٹر طویل ریلی میں فلوٹس بھی شامل تھے اور شرکاء نے تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن میں بھارتی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو سلاخوں کے پیچھے دکھایا گیا تھا۔ ایک اور فلوٹ میں خالصتان کا نقشہ دکھایا گیا تھا اور سکھوں سے آئندہ ریفرنڈم میں شرکت کی اپیل کی گئی تھی۔ تقریب کے مقررین میں دل خالصہ کے پرمجیت مند اور اوتار سنگھ پنو شامل تھے۔ بھارتی حکومت نے ریلی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر کینیڈا کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب اس بات کا اظہار ہے کہ کینیڈا میں علیحدگی پسندی، انتہا پسندی اور تشدد کو سیاسی پلیٹ فارم فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ ریلی اونٹاریو گوردوارہ کمیٹی کے زیر اہتمام سالانہ نگر کیرتن پریڈ کا حصہ تھی۔
ٹورنٹو میں خالصتان کے حق میں ریلی: بھارت نے کینیڈین ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر لیا
May 08, 2024